لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچا دی گئی،انہیں آج جاتی امرا میں سسر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
بیگم کلثوم نواز کی میت لندن سے لاہور لائی گئی تو ایئرپورٹ پر حمزہ شہباز ،سلمان شہباز اور خاندان کے دیگر افراد نے میت وصول کی جس کے بعد اسے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا جہاں نواز شریف مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا۔
میت کے ساتھ لندن سے نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اہل خاندان نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ سابق وزیراعلی بلوچستان ثناء اللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات لاہور پہنچیں۔
کلثوم نواز کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز پاکستان نہیں آئے۔
یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے کینسر میں مبتلا تھیں اور اسی موذی مرض سے لڑتے لڑتے بدھ (11 ستمبر) کو لندن کے ہسپتال میں خالق حقیقی سے جاملیں۔
بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام جاتی امراء کے شریف میڈیکل سٹی گراونڈ میں ادا کی جائے گی اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے ۔
نماز جنازہ کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، جنازہ گاہ میں صفوں کی نشاندہی کے لیے
لائنیں لگائی گئی ہیں جبکہ لاوڈاسپیکر بھی نصب کر دیا گیاہے۔
تریک انصاف کا 2 رکنی وفد کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شریک کرے گا، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفد تشکیل دیا ہے جس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ کلثوم نواز کے انتقال پر سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پیرول پر رہا ہیں اور ان کی رہائی میں پیر کی سہ پہر 4 بجے تک کی توسیع کر دی گئی ہے.
پاکستان آمد سے قبل گزشتہ روز بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی رجینٹس پارک مسجد میں ادا کی گئی تھی،جس میں اہلخانہ مسلم لیگ نون کے سابق رہنما چوہدری نثار سمیت کئی سیاسی رہنماؤں اور برطانوی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تھی۔
شرکاءکا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے لئے بیگم کلثوم نواز کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
No comments:
Post a Comment